وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو چیئرمین نادرا کی تعیناتی کاعمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے،ذرائع
وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو چیئرمین نادرا کی تعیناتی کاعمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے،ذرائع

وزیرِ اعظم نے اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت کرنے کا نوٹس لے لیا

وزیرِ اعظم عمران خان نے بڑھتی مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی کا سخت نوٹس لے لیا۔

نجی ٹی وی  کے مطابق  بڑھتی ہوئی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اوردیگر بدعنوانیوں کی روک تھام کے لیے وزیرِاعظم آفس کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز بشمول چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری اقدامات لینے اور خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیرِاعظم آفس سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قوانین پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمے داری ہے، اس لیےمتعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان، قوانین پرغیرموثرعمل درآمد اور ذمے داریوں سے گریز کی روش نے متعلقہ قوانین کو غیرموثر بنا دیا ہے اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق قوانین پر موثر عمل درآمد کے لیے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے جب کہ فیلڈ افسران کو ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کرنے اور نیلامی کے دوران قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنایا جائے،تمام صوبائی سیکریٹریز متعلقہ اضلاع میں خود اچانک دورے کرکے قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں اور عمل درآمد رپورٹ متعلقہ وزیرِاعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو پیش کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتوں میں اضافہ کرنے والے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے باقاعدگی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کی جائیں اور ان پرموثرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، مہم کی کامیابی کے لئے جزا و سزا پر مبنی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ بھی مقرر کیا جائے جب کہ تمام صوبائی حکام کو سات دن میں احکامات پرعمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔