ملاقات کی ن لیگ کے 4 ارکان نے تصدیق اور7 نے تردید کی تھی۔فائل فوٹو
ملاقات کی ن لیگ کے 4 ارکان نے تصدیق اور7 نے تردید کی تھی۔فائل فوٹو

عمران خان سے ملاقات کی تردید کرنے والے لیگی ارکان کی تصویر سامنے آگئی

وزیر اعظم عمران خان سے ن لیگی ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات کے بعد پاکستان کے سیاسی ماحول میں سخت کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی جانب سے بڑے بڑے دعوے کیے جارہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خان نے گزشتہ روز عمران خان سے ملنے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کے گھیراﺅ کا اعلان کیا تھا تاہم آج انہیں منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان کے بارے میں سخت موقف اپنایا گیا تو بعض لوگوں نے ملاقات کی سرے سے ہی تردید کردی لیکن اب بنی گالہ سے ان اراکین اسمبلی کی تصویر سامنے آگئی ہے۔

بنی گالہ میں لی گئی تصویر میں بائیں سے دوسرے نمبر پر خانیوال سے ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی کو دیکھا جاسکتا ہے،انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

ملاقات کی تصدیق کرنے والے نشاط ڈاہا کو وزیرا علیٰ اور نعیم الحق کے درمیان دیکھا جاسکتا ہے۔ مظفر گڑھ سے لیگی ایم پی اے اظہر عباس وزیر اعلیٰ پنجاب کے دائیں طرف، دائیں سے دوسرے نمبر پر ن لیگ کے رکن اسمبلی اشرف انصاری کے بھائی اور آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے والے حاجی اکرم انصاری موجود ہیں، تصویر میں طاہر بشیر چیمہ بھی نظر آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ن لیگ کے 4 ارکان نے تصدیق اور7 نے تردید کی تھی۔ ملاقات کی تصدیق کرنے والوں میں جلیل شرقپوری ، یونس انصاری ، نشاط ڈاہا اور لیاقت دین شامل تھے جبکہ عطاءالرحمان ، قاسم ہنجرا ، محمود الحق ، شعیب اویسی ، اشرف انصاری ، فیصل نیازی اور چودھری ارشد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تردید کی تھی۔