وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے ٹیپ کے دعوے کی حقیقت فارنزک آڈٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پریس کانفرنس کے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھتیجی نے اپنے چچا کو بلڈوز کرکے قوم کے اعصاب کے ساتھ کھیلا اور بھتیجی نے ملک کے باشعور لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جیل میں اور باقیات مریم صفدر کی شکل میں ایک ٹیپ لے کر آئیں لیکن ان کی ٹیپ کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی، مریم کے ٹیپ کے دعوے کی حقیقت فارنزک آڈٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دباؤ ڈالنے کیلئے بے بنیاد کہانی گھڑی گئی، انصاف کے اداروں کو اپنے مفاد کیلئے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، یہ نادانی ہی نہیں بلکہ سیاست میں حسد، بغض اور عداوت ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی حقیقی ثبوت ہیں تو میڈیا میں جانے کے بجائے عدالت جائیں، یہ ٹیپ عدالت میں لے جائیں اور اپنی بے گناہی ثابت کریں۔
مبینہ ویڈیو آڈیو ٹیپ میں جج کے ساتھ نظر آنے والے ناصر بٹ کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل، مفرور اور غنڈہ گینگ کا سرغنہ ہے، وہ 5 قتل کے بعد 302 کے مقدمہ میں فرار ہوا تھا، مفرور قاتل، مافیا اور منشیات فروشوں کا نیٹ ورک تھا جس نے سیاست کو ڈھال بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 سال ناصر بٹ لندن میں مفرور رہا اور ظلِ سبحانی کے گارڈ کے فرائض انجام دیتا رہا، راج کماری نے ظلِ سبحانی کے باڈی گارڈ کے کردار کو بے نقاب کردیا۔
ردوس عاشق کے مطابق شہبازشریف کے داماد علی عمران اور صاحبزادے ملک سے باہر ہیں، شہبازشریف اپنے داماد اور صاحبزادے کو عدالت میں پیش کرکے بے گناہی ثابت کریں، جب پوچھا جاتا ہے کہ کئی کروڑ ڈالر آئے کیسے اور باہر کیسے گئے تو کہتے ہیں پتا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیامت کی نشانی ہے کہ باپ کہتا ہے بچوں سے پوچھیں اور بچے کہتے ہیں باپ سے پوچھیں، سونے کا چمچہ لے کر آنکھ کھولنے والی والد اور منتخب وزیراعظم کو جیل میں ڈالنے کا شکوہ کرتی ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی قیمت آج عام پاکستانی چکا رہا ہے، یہ معیشت کو زہر کے ٹیکے لگاتے رہے اور آج بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے 2 کیسز اور 32 ایف آئی آرز درج کی گئیں لیکن عمران خان نہ ملک چھوڑ کرگئے نہ ہی عدالتوں پر حملے کرائے، عمران خان نے باہر پیسا کمایا اور ملک میں لاکر عدالت میں تمام ثبوت دیے جس کے بعد انہیں عدالت سے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ ملا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پریس کانفرنس کی ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے جج کے فیصلے کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ منظر عام پر لائی گئی ہے۔
مریم نواز نے الزام لگایا ہے کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا، مبینہ ویڈیو اور آڈیو ثبوت دکھاتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سزا دینے والا خود بول اُٹھا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی، جج نے خود بتایا کہ انہیں کسی جگہ بُلا کر اُن کی اخلاق سے گری ہوئی ذاتی ویڈیو دکھائی گئی۔جج نے کہا کہ بات نہ ماننے کا تو کوئی آپشن ہی نہیں تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے احتساب عدالت کی ویڈیو تنازع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آڈیو، ویڈیو ٹیپ بنانے اور چلانے والے دونوں کردار سند یافتہ جھوٹے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ایک قاتل اورغنڈہ گینگ کا سربراہ جبکہ دوسری کیلبری فونٹ کی معروف جعلساز بے، یہ وہ کردار ہیں جو بےنامی دار ہیں۔
آڈیو ویڈیو ٹیپ بنانے اور چلانے والے دونوں کردار سند یافتہ جھوٹے ہیں۔ایک قاتل اور غنڈہ گینگ کا سربراہ جبکہ دوسری کیلبری فونٹ کی معروف جعلساز بے۔یہ وہ کردار ہے جو بےنامی دار ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) July 7, 2019
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے اور عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے مال مسروقہ کی برآمدگی جاری رہے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف جیل میں ہیں تو مریم صفدر بتائیں کس حیثیت میں بغیر کسی استحقاق اتنا عرصہ سرکاری بلٹ پروف کار استعمال کر رہی تھیں، جنہیں سرکاری خزانے میں نقب لگانے کی عادت ہو انہیں جیب سے خرچ کرنا محال ہوتا ہے۔
سرکاری خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے اور عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے مال مسروقہ کی برآمدگی جاری رہے گی۔نوازشریف جیل میں ہیں تو مریم صفدر بتائے کس حیثیت میں بغیر کسی استحقاق اتنا عرصہ سرکاری بلٹ پروف کار استعمال کر رہی تھیں ؟
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) July 7, 2019