احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا۔
جیونیوز کے مطابق نیب نے مریم نواز کے خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ ان (مریم نواز) کی ایون فیلڈ ریفرنس میں پیش کردہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی ہے لہٰذا جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیا جائے۔
نیب کی درخواست پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 19 جولائی کو طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے تینوں کی رہائی کا حکم دیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔
بعد ازاں سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی جس کے بعد وہ اپنی سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پوری کررہے ہیں۔