وہ متعدد ڈراموں کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی رہیں۔فائل فوٹو
وہ متعدد ڈراموں کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی رہیں۔فائل فوٹو

فلم اور ٹی وی کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئیں

فلم اور ٹی وی کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ ذہین طاہرہ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ ذہین طاہرہ نے پی ٹی وی سمیت نجی چینلز کے مختلف ڈراموں میں لازوال کردار نبھائے۔

اداکارہ ذہین طاہرہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 60 کی دہائی میں کیا اور ڈراما سیریل’’خدا کی بستی‘‘، ’’عروسہ‘‘ ، ’’دستک‘‘،’’ماسی اور ملکہ‘‘،’’شمع‘‘،’’دل دیا دہلیز‘‘ اور’’کہانیاں‘‘ سمیت 700 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اداکارہ ذہین طاہرہ نے ڈراموں کے علاوہ کئی فلموں میں کردار نگاری بھی کی، وہ متعدد ڈراموں کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی رہیں۔ انہوں نے ڈراموں کے ساتھ گلوکاری میں بھی اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں ‘تمغہ امتیاز’ سے بھی نوازا تھا۔

ذہین طاہرہ کے انتقال پر شوبز، سیاسی اور دیگر نامور شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس کیا جارہا ہے ۔

اداکار بہروز سبزواری نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طاہرہ سے ان کا تعلق بچپن سے تھا، وہ ایک انتہائی محنتی خاتون تھیں اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔

اداکار قوی خان نے بھی ذہین طاہرہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کے تحت کام کیا۔