ایرا کا سابق ڈائریکٹر فنانس اکرام نوید پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مالی بے ضابگیوں کا مرتکب پایا گیا، نیب سے پلی بارگین کی، شہباز شریف کے داماد علی عمران کا پارٹنررہا۔
برطانوی اخبار کی زلزلہ زدگان فنڈز میں خورد برد کی خبر کے مرکزی کردار کی شہباز شریف کے داماد سے کاروباری شراکت داری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اکرام نوید بیرون ملک سے آنے والی امداد اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرتا رہا۔ نیب کے سامنے ایرا میں لوٹ مار کا اعتراف کر چکا ہے۔
اکرام نوید 2005ء سے 2012ء تک ایرا میں ڈائریکٹر فنانس رہا، اس دوران ڈی ایف آئی ڈی نے زلزلہ زدگان کیلئے 54 ملین پاؤنڈز کی امداد دی۔ وہ بیرونی امداد اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتا تھا۔ اکرام نوید کیخلاف پہلی باقاعدہ تفتیش 2008ء میں اس وقت کے چیئرمین ایرا حامد یار ہراج کے حکم پر شروع ہوئی۔ وہ طاقتور حلقوں سے رابطوں کی وجہ سے انکوائریوں سے بچتا رہا۔
اکرام نوید کو بطور سی ای او پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی مالی بے ضابگیوں پر گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش اس نے ایرا میں مالی خورد برد کا بھی اعتراف کیا۔
اکرام نوید گزشتہ سال نیب کے ساتھ پلی بارگین کر چکا ہے۔ اس نے کرپشن سے کمایا پیسہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ساتھ مل کر رئیل سٹیٹ بزنس میں لگایا۔