وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام مدارس رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے جب کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے لیے کام جاری ہے وزارت تعلیم مدارس رجسٹر کرنے کے لیے ریجنل دفاتر قائم کر رہی ہے اور12 ریجنل آفس کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام مدارس رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے جو مدارس رجسٹرڈ نہ ہوئے اس کو وقت دیا جائے گا لیکن غیر رجسٹرڈ مدارس کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
وزیرتعلیم نے بتایا کہ میٹرک اور ایف اے کے مضامین مدارس میں پڑھائے جائیں گے، لازمی مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا اور فیڈرل بورڈ مدارس کے بچوں کو اسناد دے گا البتہ وفاق المدارس خودمختار ہوں گے اوراپنی پالیسی کے مطابق تعلیم چلائیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مدارس کو کوئی ایسی فنڈنگ باہر سے نہیں ہوتی جس پر تشویش ہو ہم چاہتے ہیں مدارس کو جو فنڈنگ بھی ہو بینکوں کے ذریعے ہو جب کہ نجی اسکولوں، مدارس کی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تعلیمی نصاب کے لیے کاوشوں پر بڑی پیش رفت ہوئی ہےتاہم وفاق المدارس کے کچھ شقوں پر بات ہوئی اور کچھ پر بات رہ گئی تھی۔