چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر صدر مملکت نے ایوان بالا کا اجلاس یکم اگست کو طلب کرلیا۔
سینیٹ اجلاس کے لیے وزارت پارلیمانی امور نے صدر مملکت کو سمری بھجوائی تھی جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس یکم اگست کو طلب کیا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو ہٹانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔اپوزیشن ارکان چیئرمین سینیٹ اور حکومت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانےکی الگ الگ قراردادیں پیش کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹ اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہوگی۔
’ریکوزیشن اجلاس میں صرف تحریک پر صرف بحث ہوگی‘
گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23 جولائی کو ایوان بالا کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
سینیٹ سیکریٹری ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس کا آرڈر آف دی ڈے پیر کو تیار کیا جائے گا لیکن ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ شامل نہیں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینیٹ کے معمول کے اجلاس میں ہوگی۔