پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اگر کسی نے کل یوم سیاہ کے پروگرام سے روکنے کی کوشش کی تو نتائج کا ذمے دار خود ہو گا، جیلیں بھر کر لوگوں کو روکا نہیں جا سکا،اگر کسی نے پٹھوؤں کی حکومت کے کہنے پر غلامی کرنے کے کوشش کی تو ہم لسٹیں بنا رہے ہیں،شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے والوں کو وقت آنے پر کٹہرے میں لائیں گے اور چارج شیٹ کریں گے
انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ آغاز ہے حکومت سے مکمل چھٹکارے تک تحریک چلتی رہے گی،جتنے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنا ہے ڈال لو اب تمہارے ظالمانہ ہتھکنڈے نہیں چلیں گے۔
پی ایم ایل این کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس اور قبل ازیں ہائیکورٹ میں پیشی کےموقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ زبان خاموش نہیں ہوسکتی، سچ بولتی رہے گی، آئین کی بالادستی کیلیے جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں،جھوٹے مقدمات بنا ئے جا رہے ہیں،میں اپنے خلاف بے بنیاد الزامات میں ضمانت نہیں لوں گالیکن ہم اس سے ہرگز خوفزدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام آج بد ترین حالات سے دوچار ہیں،سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام پر غربت کا عذاب نازل کیا،ملک کو عملاًآئی ایم ایف کے سپرد کر دیاگیاہے ، آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت حکومت کاکنٹرول ختم کر دیاگیاہے،ملک پر وہ لوگ مسلط کئے گئے ہیں جو مینڈیٹ نہیں رکھتے،مہنگائی سے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے،ملک میں لولی لنگڑی جمہوریت چلتی رہی لیکن بدقسمتی سے عمران خان سول ڈکٹیٹر ثابت ہوئے اور بنیادی حقوق ہی چھین لیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گرفتاریاں کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ظفر وال، منڈی بہاؤالدین میں مریم نواز کے جلسے کیلئے پانی چھوڑا ، کریک ڈاؤن کیا لیکن اس کے باوجود لوگ باہر نکلے،فیصل آباد میں کریک ڈاؤن کر کے لوگوں کو گرفتار کیا گیا لیکن پھر بھی عوام باہر نکلے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا امریکی میوزک کنسرٹ لوگوں کو دکھایاجاتاہے لیکن مریم نواز کی تقریر پر پابندی لگائی جاتی ہے،حمزہ شہباز کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایاگیا،شہبازشریف کے اوپر بھی بے بنیاد الزامات لگائے گئے،600ملین ڈالر کا فائدہ پہنچانے والے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیاجاتاہے،شیخ رشید نے ٹرین کا بیڑا غرق کر دیا ہے حادثات پر اللہ کو جواب دینا ہو گا۔