امریکی صدر کے بارے میں کوئی بات خود سے گھڑنے کا سوال انتہائی نا مناسب ہے۔فائل فوٹو
امریکی صدر کے بارے میں کوئی بات خود سے گھڑنے کا سوال انتہائی نا مناسب ہے۔فائل فوٹو

ٹرمپ کے مشیر نے بھارت کے جھوٹ کا پول کھول دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر نے بھارت کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔

امریکی صدر کے چیف اکنامک ایڈوائزر لیری کڈلو سے پوچھا گیا کہ بھارت کہتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر پر ثالثی کا ڈونلڈ ٹرمپ کو نہیں کہا ، کیا یہ بات صدر ٹرمپ نے خود گھڑی ہے۔؟

اس کے جواب میں ٹرمپ کے مشیر نے کہا کہ امریکی صدر خود سے کوئی بات نہیں گھڑتے، صدر کے بارے میں کوئی بات خود سے گھڑنے کا سوال انتہائی نا مناسب ہے، صدر ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہی کہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کی پیشکش کی تھی جس کا عمران خان نے خیر مقدم کیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ نریندر مودی نے بھی ان سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے ثالث کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔

تاہم اس کے فوری بعد بھارتی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی، بھارت کا کشمیر کے معاملے پر مستقل مؤقف ہے اور وہ یہ کہ یہ مسئلہ پاکستان اوربھارت باہمی طور پر حل کریں گے، شملہ معاہدے کی رو سے کوئی تیسرا فریق پاک بھارت باہمی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا۔