اس نالائق نے پوری قوم کا جینا حرام کردیا ہے۔فائل فوٹو
اس نالائق نے پوری قوم کا جینا حرام کردیا ہے۔فائل فوٹو

سینیٹرز حکومت سے پیسے ضرور لیں لیکن ووٹ ہمیں دیں۔بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے سینیٹرز کو روپوں کی پیشکش کررہی ہے، میں سینیٹرز سے کہتا ہوں کہ وہ حکومت سے پیسے ضرور لیں لیکن ووٹ ہمیں دیں۔

پی پی میڈیا سیل کراچی میں  میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ہماری جماعت کا ساتھ دیا ہے، حالیہ گھوٹکی میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخاب میں بھی عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا اورہم بھی گھوٹکی کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  گھوٹکی میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخاب میں شکست سے حکومت کا ایک ووٹ کم اور اپوزیشن کا ایک ووٹ بڑھ گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے بعد اب چیئرمین سینیٹ تبدیل ہوتا دیکھ رہا ہوں، اپوزیشن کے سینیٹرز چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو جیسا شخص بنے، تاہم دوسری جانب سینینٹ کے چیئرمین کے لیے ہمارے سینیٹرز کو حکومت کی جانب سے  پیسوں کی پیشکش کی جارہی ہے اور سینیٹرزکوخریدا جا رہا ہے، میں سینیٹرز سے کہتا ہوں کہ وہ حکومت سے پیسے ضرور لیں لیکن ووٹ ہمیں دیں۔

25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمعرات کو یوم سیاہ ہے کیونکہ گزشتہ برس اس دن جمہوری اور انسانی حقوق کا جنازہ نکالا گیا تھا، اس دن کی وجہ سے آج عوام منھگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، کل پورے پاکستان میں نعرہ ہوگا کہ نا منظور، نا منظور ،نا منظور۔