الحمراہ چوک میں لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں اٹھا کرپھینک دیں۔فائل فوٹو
الحمراہ چوک میں لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں اٹھا کرپھینک دیں۔فائل فوٹو

اپوزیشن کا یوم سیاہ۔لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹا دیں

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پراپوزیشن کے یوم سیاہ کے سلسلے میں ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہے تاہم پولیس کی جانب سے مرکزی قائدین کے پہنچنے سے پہلے ہی اسٹیج ہٹادیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر احتجاج اور جلسوں کی اجازت نہیں ہے جس کے باعث ن لیگ کو جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

مال روڈ پرپولیس اور مسلم لیگ ن کے کارکن آمنے سامنے آگئے ہیں، پولیس کی جانب سے مال روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں ، کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکا جارہاہے جبکہ لیگی کارکنوں نے فیروز روڈ بلاک کر دیا ہے،ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔

ن لیگ کے رہنماﺅں کی جانب سے کارکنوں کومسلسل آگے بڑھنے پر اکسایا جارہا ہے ۔ الحمراہ چوک میں لیگی کارکنوں نے پولیس پر حملہ کیا اور رکاوٹیں اٹھا کرپھینک دیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز شریف ماڈل ٹائون سے فیروز روڈ سے مسلم ٹائون پہنچیں گے،اچھرہ ،مزنگ چورنگی سے ہوتے ہوئے  گنگا رام اسپتال سے  فیصل چوک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ راستے میں آنے والی تمام رکاوٹیں توڑ دیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کو انتظامیہ کی جانب سے احکامات ملے ہیں کہ مال پر روڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں  جبکہ عدالت کی جانب سے بھی مال روڈ کو بند نہ کرنے کے احکامات ہیں۔

ن لیگ کے  رہنماﺅں کا کہناہے کہ انتظامیہ کی طرف سے چیئرنگ کراس جلسے میں پہنچنے والے کارکنوں کو ٹھوکر نیا زبیگ اور شاہدر ہ  پر روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے کارکن مال روڈ پر نہیں پہنچ سکے ۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف ریلی کے ساتھ فیروز پور روڈ کے ذریعے رائیونڈ سے چیئرنگ کراس پہنچیں گے جہاں ان کا خطاب کچھ دیر بعد متوقع ہے ۔ پولیس کی جانب سے سٹیج ہٹائے جانے کے باعث امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شہباز شریف کنٹینر پر چڑھ کر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسے یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لاہور سمیت پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں بھی احتجاجی جلسے کیے جارہے ہیں تاہم لاہور میں ن لیگ کے زیر اہتمام ہونے والے جلسہ پولیس کی جانب سے کارکنوں کو روکنے اور چیئرنگ کراس پر اکٹھے نہ ہونے دینے کے باعث مشکل ہوگیا ہے۔