امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور11 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہرسان جوزے کے قریب فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور11 زخمی ہو گئے، واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں ایک حملہ آور موجود ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور فوڈ فیسٹیول میں رکاوٹ کو ہٹانے کے بعد داخل ہوا اور اندھادھند فائرنگ کردی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، خاتون عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حملہ آور سفید فام اور عمر 30 سال کے قریب تھی جب کہ اس کے ہاتھ میں رائفل تھی۔ تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کومحفوظ جگہوں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔