چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پرمشترکہ اپوزیشن کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس 8 اگست کو بلائے جانے کا امکان ،اے پی سی کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ ن کرے گی،سینیٹ میں پیدا شدہ صورتحال پرغورکیلیے مشاورت ہوگی اوراپوزیشن کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے اہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مشترکہ اپوزیشن نے اے پی سی کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی ہے اور متوقع طور پراگلے ہفتے 8 اگست (بروز جمعرات) کو اسلام آباد میں آل پارٹیزکانفرنس منعقد ہو گی ۔
اے پی سی کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کریں گے ۔آل پارٹیزکانفرنس کی حتمی تاریخ کا اعلان مولانا فضل الرحمن شہباز شریف سے مشاورت کے بعد اتوار یا سوموار کے روز کریں گے۔
سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نے بلاول بھٹو زرداری کو سخت سیخ پا کیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے جن 14 سینیٹرزنے’’خفیہ بغاوت‘‘ کا علم بلند کیا ہے ان میں بڑی تعداد مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے تین سے چار سینیٹرز بھی’’باغیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے شہباز شریف کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مکمل اختیار سونپ دیا ہے اور کہہ دیا ہے کہ اگلے ہفتے مناسب دن کا تعین کرتے ہوئے اے پی سی بلا لیں تمام جماعتیں اس میں بھر پور طریقے سے شامل ہوں گی ۔