پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی فتح نوشتہ دیوار ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی شہادت قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتیریس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور کشمیر میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سمیت پوری دنیا مقبوضہ وادی میں بھارتی بھارتی فوج کی بربریت کا فوری نوٹس لیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نریندر مودی ہوش کے ناخن لے اور یاد رکھے کہ بے گناہ انسانوں کا خون ظالم اقوام اور ریاستوں کو کھا جاتا ہے۔ سید علی گلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک سمیت تمام کشمیریوں اور ان کی حقیقی قیادت کو یقین دلاتے ہیں کہ ہر پاکستانی ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔
ان کا کہناتھا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے فتح مظلوم کشمیریوں کی ہوگی کیونکہ وہ حق ہر ہیں اور اللہ تعالی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ ہے۔
رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل تھا، ہے اور ان کی فتح تک ہمیشہ رہے گا۔ اللہ تعالی نے مسلمانوں کو دنیا کے کسی بھی خطے میں غلام ہو کر رہنا نہیں سکھایا، کشمیریوں کی فتح نوشتہ دیوار ہے۔