چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسکردو میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل جدوجہد کی تاریخ ہے،ہم نے آہستہ آہستہ اپنے حقوق حاصل کیے ہیں، صدر زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت بنائی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیا ہروعدہ پورا کیا ہے، پیپلزپارٹی فاشسٹ نہیں نظریاتی جماعت ہے، مجھے افسوس ہے کسی نے پیپلزپارٹی کا منشورنہیں پڑھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے خود کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کر دیا،عمران خان اپنی کہی ایک بھی بات پر قائم نہیں رہے، پی ٹی آئی حکومت بالکل ناکام اور نااہل ہے، حکومت بھی اپوزیشن کا کردار کررہی ہے تاہم حکومت اپوزیشن کرے گی تو حکمرانی کون کرےگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے، مشترکہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران مریم نواز کو گرفتارکرلیا گیا، حکومت کو پتہ ہی نہیں اسے کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس روز میں آزاد کشمیر پہنچا اسی رات فریال تالپورکو گرفتار کرلیا گیا، ہم نے رکاوٹیں ماضی میں بھی دیکھی ہیں، پتاہے ان کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں جہاں جہاں جاؤں گا کشمیر کے لیے آواز بلند کروں گا، کشمیرکاز کے لئے جگہ جگہ آواز بلند کریں گے، پاکستان نے کبھی آرٹیکل 370 کو تسلیم نہیں کیا، مقبوضہ کشمیرکو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے لیے کام کرنے والے سیاستدانوں کو بھی نظربند کردیا گیا، اگر کشمیری مودی کے ساتھ ہیں تو وہاں سے کرفیوہٹا دیا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی سے اس کی اوقات کے مطابق ڈیل کرنا چاہیے، کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت بنانے کی سازش قطعی طورپرنامنظورہے، اگر ہمارے ہاں حقیقی جمہوری حکومت ہوتی توآج کشمیر کی یہ صورتحال نہ ہوتی، بھارت کو خطے میں امن کے حوالے سے دلچسپی ہی نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ راہول گاندھی کو کشمیر جانے سے روکنا افسوسناک ہے، مودی کے وزیراعظم بننے پر ہماری خارجہ پالیسی میں تبدیلی آنی چاہیے تھی مگر ہم نے 5 سال انتظار کیا، ماضی میں جب مودی منتخب ہوا توہماری بھارت کیساتھ ویسی ہی خارجہ پالیسی رہی جیسی دیگر بھارتی وزرائے اعظم کیساتھ تھی
انہوں نے کہا کہ مودی کے منتخب ہونے پرہمیں پتا ہونا چاہیے تھا گجرات کا قصائی وزیراعظم بن رہا ہے، پاکستان نے اپنے دفترخارجہ کو کمزور کر لیا ہے۔
،انھوں نے کہا کہ عمران خان جو وعدے بھی گلگت بلتستان کے عوام سے کررہا ہے وہ پورے نہیں ہوں گے، جو وعدہ بھی ان نے کیا اس پریوٹرن لیا، صرف پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے جوپورے ملک کی جماعت ہے،مریم نوازاورفریال تالپور کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔