تنظیم سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مؤثر کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔فائل فوٹو
تنظیم سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مؤثر کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔فائل فوٹو

وزیر خارجہ کااو آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکریـٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر بھارت کی جانب سے ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو نمازعید اور نماز جمعہ تک ادا نہیں کرنے دی گئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ذرائع مواصلات پرمکمل پابندی عائدکردی گئی تاکہ حقائق دنیا کے سامنے نہ آ سکیں، بھارت نے راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن وفد کو سری نگر سے ائیرپورٹ سے واپس جانے پر مجبور کردیا، ان حالات میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، تنظیم سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مؤثر کردار ادا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ سے گفتگو میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے تمام صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر پہلے بھی او آئی سی کنٹیکٹ گروپ کا اجلاس طلب کیا تھا، اب بھی ہم اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔