وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کی آواز بن گئے ہیں، عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیرکا مقدمہ لڑنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو گزشتہ روز قوم سے خطاب پراعتماد میں لیا، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراجاگر کرنے سے متعلق اقدامات پراعتماد میں لیا، کابینہ نے وزیراعظم کی کوششوں کی تعریف کی، کابینہ نے جمعے کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اقدامات کی توثیق کی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دوٹوک اعلان کردیا ہے کہ دنیا میں کوئی کشمیرکے ساتھ ہو یا نہ ہو پاکستان ضرور کھڑا ہوگا، کابینہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اقدامات کی توثیق کی،کشمیرکی صورت حال پر فوکل گروپ قائم کیا جاچکا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ہر جمعے کے روز کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کی جائے گی،ہرشخص جمعے کے روز آدھے گھنٹے کے لیے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار جہتی کا اظہارکرے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حق کے لیے پوری قوم کا سڑکوں پرنکلنا دنیا کو ڈومورکا پیغام ہے، بھارت کی وجہ سے خطے کے امن کو شدید خطرات ہیں، جس پر دنیا کو اب بھارت کو ڈومور کہنا ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 30 سرکاری اداروں کے سربراہان کا تقررشفاف انداز میں کیا گیا ہے، کابینہ نے ’’وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے اوراب اس کا نام ’’وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام‘‘ ہوگا۔
ان کا کہناتھا کہ گیس اور بجلی کے بل جمع کرانے کی مدت 7 دن سے بڑھا کر 15 دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس کو بجلی چوروں کے خلاف کارروائی سے متعلق ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔