جمعےکو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام چوراہوں پر دن 12 بجے ٹریفک سگنل ریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کل اشاروں اور شاہراہوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا جائے گا اور ٹھیک 12 بجے سائرن بجیں گے اور قومی ترانہ پڑھا جائے گا، قومی ترانےکے بعد کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔
شہر بھر میں آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک سگنل سرخ رکھے جائیں گے جس سے آدھے گھنٹے تک ٹریفک رکی رہے گی جب کہ ٹریفک پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع ڈی چوک پرہو گا جس میں تمام سرکاری دفاتر کا عملہ جمع ہوکر اظہار یکجہتی کرے گا جب کہ پی ٹی آئی کے وزرا اور مقامی قائدین بھی ڈی چوک میں جمع ہوں گے۔