پاکستان انٹر نیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) ائر مارشل ارشد ملک نے کہاہے کہ اخراجات میں کمی کے لیے ایک ہزار افراد کو فارغ کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی ۔پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ادارے کی کارکردگی پربریفنگ دی۔
اس موقع پر مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پی آئی اے اپنے اثاثے موثراندازمیں استعمال کرے۔پی آئی اے اپنے ریونیو اور مالیاتی نظم و نسق میں بہتری لائے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ پی ائی اے انتظامیہ بہتری کے لیے قابل عمل، ازادانہ کارپوریٹ پلان بنائے۔پی ائی اے اپنا خسارہ کم اور بزنس و فلائٹ اپریشنز میں پائیداری لائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ قومی ائیرلائن معاشی طورپرمستحکم ہواور لوگ مقامی وانٹرنیشنل روٹس کے مسافر اس پرانحصارکریں۔
اس موقع پرسی ای او پی ائی اے ائیرمارشل ارشد ملک نے ادارے کو خسارے سے نکالنے اور اخراجات کم کرنے کےحوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اخراجات میں کمی کے لیے قومی ائیرلائن سے ایک ہزار افراد کو فارغ کیا گیا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ اس مرتبہ پری حج فلائٹس اپریشن میں نوے فیصد کامیابی ملی۔