سابق وزیراعظم نوازشریف سے جیل میں شہبازشریف نے ملاقات کی ہے جس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی ڈیل نہیں کروں گا بلکہ قانونی جنگ لڑوں گا ،ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں ۔
نجی ٹی وی نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان 13 اگست کے بعد آج جیل میں ملاقات ہوئی ہے جو ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ نوازشریف نے فضل الرحمن کے اسلام آباد لاک ڈاﺅن میں بھر پورشرکت کی ہدایت کی ہے۔
نوازشریف نے ممکنہ ڈیل سے متعلق چلنے والی افواہوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کبھی ڈیل نہیں کروں گا بلکہ قانون جنگ لڑوں گا ،ووٹ کو عزت دو کی بات پرقائم ہوں، پی ٹی آئی حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے ، ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے جلد عوام سے این آر او مانگیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ عوام عمران خان اور کابینہ کا احتساب کرے گی ،مسئلہ کشمیر پر دنیا کو جاگنا ہو گا ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کر رہاہے ، دنیا مسئلے کو حل کروائے ۔