یو اے ای میں تیل کا اخراج، ام القوین کے تمام ساحل بند
شارجہ، عجمان اور ام القوین کے شہریوں نے فضا میں غیر معمولی بدبو محسوس ہونے کی شکایات بھی کیں۔
یو اے ای میں تیل کا اخراج، ام القوین کے تمام ساحل بند
متحدہ عرب امارات میں آئل ٹینکر سے تیل خارج ہونے کے باعث سمندری آلودگی پھیل گئی، جس کے بعد ام القوین کے تمام ساحل اور ساحلی مقامات کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ساحلوں کی بندش غیر معینہ مدت تک برقرار رہ سکتی ہے۔
وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے مطابق نگرانی کے نظام کے ذریعے سمندر میں تیل کے اخراج کا پتا چلا، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔ اس دوران شارجہ، عجمان اور ام القوین کے شہریوں نے فضا میں غیر معمولی بدبو محسوس ہونے کی شکایات بھی کیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بدبو سے شہریوں کی صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ تیل کو مزید پھیلنے سے روکنے، متاثرہ علاقوں کو محدود کرنے اور سمندر و ساحلی مقامات کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق اس کارروائی میں مقامی اور وفاقی ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے اور سمندری ماحول کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ساحلوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ تکنیکی ٹیموں کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ اس وقت تک بندش برقرار رہے گی تاکہ عوام کی حفاظت اور سمندری ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔