پارلیمانی سال کے آغاز میں بلایا جانے والا پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس کل شام کو 5بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا جس میں صدر مملکت عارف علوی روایتی خطاب کرینگے۔
ذرائع کا کہناہے کہ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میاں شہباز شریف مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے،وہ کل لاہورسے اسلام آباد پہنچیں گے۔
میاں شہبازشریف کل شام مشترکہ اجلاس سے قبل اپوزیشن کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتیں کل مشترکہ اجلاس سے قبل حکمت عملی طے کرے گی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس مورخہ 13ستمبر جمعہ کی صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
ادھر وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیاہے اور اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہناہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30اگست کے لئے طلب کیا گیا تھا جس کا اعلان 19اگست کو ہوا مگر 29اگست کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
آئین پاکستان کے تحت صدر مملکت جب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہیں تو پارلیمانی سال کا آغاز ہوتا ہے۔