سابق صدراور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کرلے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی تو نیب ٹیم نے گرفتارملزم آصف زرداری کو پیش کیا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے، حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کرلے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔
دھرنے میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے۔
صحافی نے پوچھا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے؟۔ آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔
خیال رہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نیب کی حراست میں ہیں۔