سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے اوراسے سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ملاقات کی اورملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری سے آگاہ کیا جس پرنوازشریف نے شدید ناگواری کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے اوراس ادارے کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔
شہباز شریف نے نوازشریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی العزیزیہ ریفرنس کی اپیل کی سماعت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور قانونی ٹیم کے موقف سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے اسلام آباد قیام کے دوران اپوزیشن سے رابطوں اورجے یوآئی ف کے اکتوبرمیں لاک ڈاؤن پر ہونے والی مشاورت سے متعلق بھی نوازشریف کو بریفنگ دی۔
نواز شریف کے اہلخانہ کی ملاقات دو گھنٹے جاری رہی اورانہوں نے دوپہر کا کھانا ساتھ کھایا۔اس موقع پر جیل کے باہرموجود لیگی کارکنوں نے شریف خاندان کی گاڑیوں پرگل پاشی کی اورخوب نعرے بازی کی۔