کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پلوامہ ضلع میں قابض بھارتی افواج کے بے رحمانہ اور انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بننے والے 15 سالہ نوعمریاوراحمد بٹ نے جام شہادت نوش کرلیا۔
شہید کو دوران حراست جب بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تو اس کی حالت غیر ہوگئی جس پرآخری لمحات میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا اورہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔
وادی کشمیر میں کرفیو کے 49 ویں دن بھی بھارت کی قابض درندہ صفت افواج کی جانب سے ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بدنام زمانہ پیلٹ گنز سے لوگوں کے زخمی ہونے کی تعداد بھی ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔
بھارت کے ریاستی مظالم کےخلاف احتجاج کرنے والی نوجوان مزاحمتی لیگ نے پمفلٹس جاری کیے ہیں جس میں 25 ستمبر سے تین روزہ سول کرفیو اور مکمل بلیک آؤٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مقبوضہ وادی کشمیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بھارتی افواج نے پیلٹ گنز سے ایک ایسے میاں بیوی کو بھی زخمی کردیا ہے جن کے گھر میں کمانے والا کوئی نہیں ہے اور دونوں اپنی بینائیاں شدید متاثر ہونے کے باوجود ایک دوسرے کے زخموں کی مرہم پٹی بنا دیکھے کرکے ان کے مندمل ہونے کی آس لگائے ہوئے ہیں۔