صوبائی وزیرکالونیزفیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبرغیر قانونی طور پر بڑھانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پنجاب کے وزیر برائے کالونیزفیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبرغیرقانونی طورپر بڑھانے کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فہد حسن چوہان کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے 30 کیے گئے، ہیڈ ایگزامینرایسوسی ایٹ پروفیسرسلیم رمضان نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نمبربڑھائے اور ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی، پریکٹیکل لینے والے سب ایگزامینرنے بھی نمبروں کی تبدیلی سے اتفاق نہیں کیا تھا۔
چیئرمین پنڈی بورڈ ڈاکٹرغلام دستگیرکے کہنا ہے کہ ہیڈ ایگزمینرکے خلاف ضابطے کی کارروائی کے لیے سیکریٹری ہائرایجوکیشن کو رپورٹ بھیج دی گئی تاہم فیاض چوہان کے بیٹے کا رزلٹ تاحال جاری نہیں کیا گیا، قانونی رائے کے بعد فہد حسن کا نتیجہ جاری کیا جائے گا۔
فیاض الحسن کے بیٹے نے نجی کالج سے بارہویں جماعت کے پرچے دیئے اور769 نمبر حاصل کیے۔ فیاض الحسن چوہان پرالزام لگایا گیا ہے کہ انٹرکے سالانہ امتحانات میں ان کے بیٹے فہد حسن کے نمبر بڑھوائے گئے ہیں۔
دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین کو خود درخواست دی تھی اور درخواست میں معاملے کی تحقیقات کیلئے کہا تھا، انکوائری رپورٹ میں میرے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے،ایگزامنر،ہیڈایگزامنر سمیت دیگر کا نام تک نہیں جانتا، وائیوامیں ایگزامنراورہیڈایگزامنر اپنی مرضی کے مطابق نمبرلگاتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ انکوائری رپورٹ سے ثابت ہوچکا ہے کہ میں معاملے میں ملوث نہیں اور اگر میری مداخلت ثابت ہوجائے تو استعفیٰ دے دوں گا۔