مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عوام کو نیب کی گرفتاریوں سے بچنے کے لیے نام کے آگے سے ’شریف‘ ہٹانے کا مشورہ دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں شریف خاندان کی گرفتاریوں کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے بس میں ہوتومیاں شریف مرحوم کو بھی مقدمے میں شامل کر لے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر بھی شدید تنقید کی اوربنی گالہ کو’فنی گالہ‘ قرار دیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں نیب پر اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فنی گالہ سے حکم آتا ہے کہ حکومتی نالائقی پرجو سوال کرے گرفتار کر لیا جائے، اگر پوچھ لیا جائے کہ ترقی کی شرح آدھی کیوں ہوئی؟ تو “فنی گالہ “سے حکم آتا ہے گرفتار کرلو۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’خبردار کرتی ہوں جس کے شناختی کارڈ پر آخر میں شریف ہے، بدل لے ورنہ نیب گرفتار کر لےگی‘۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نالائق اور نااہل وزیراعظم پاکستان پر حکومت کر رہا ہے، آج عدالت میں لکھا گیا کہ جس کمپنی کا الزام مریم پر لگایا گیا وہ ان کے بالغ ہونے سے پہلے کی بنی ہے۔
نیب نے کہا کہ ابھی ہم نے نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے بھی تفتیش کرنی ہے،میں پاکستانیوں سے کہوں گی کہ جس کے ساتھ شناختی کارڈ پر نام شریف لگتا ہے وہ ختم کروا لیں کیوں کہ یہ نیب صرف نواز شریف کا احتساب کر رہی ہےجس کے تمام احکامات بنی گالا سے آتے ہیں اور یہ بنی گالا نہیں فنی گالا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کوئی سوال کرے کہ مہنگائی کی شرح کیوں بڑھی، کوئی سوال کرے کہ پاکستان کا اتنا برا حال کیوں ہے تو اس کو جیل میں ڈال دو، پنجاب میں بھی نالائق وزیراعلی تعینات ہے، یہ نااہل ڈینگی پر بھی قابو نہیں کر سکے۔
ان کا کہناتھا کہ جن کو ڈینگی برادرا کہتے تھے انہوں نے ڈینگی پر قابو پایا، ڈینگی ہیلپ لائن 6 سال سے شہباز شریف بنائی ہوئی ہے، عمران خان کو تمام نا اہلیوں کا جواب دینا ہو گا، ہم پاکستان کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اب ڈیل عمران خان مانگے گا اورعمران خان آج کل جو بیان دے رہے ہیں وہ بھی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں لیکن ہم عمران کو غدار نہیں کہیں گے۔