قومی اسمبلی کے حلقے این اے 265 کوئٹہ ٹو سے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی کامیابی کالعدم قرار دے دی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے الیکشن ٹربیونل نے حلقے میں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرداری پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) کے امیدوار لشکری رئیسانی نے قاسم سوری کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
ٹریبونل نے یہ فیصلہ 14 ستمبر کو حلقے میں مبینہ دھاندلی کی درخواست پر سماعت اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا تھا۔
ڈپٹی اسپیکرقومی اسملبی قاسم خان سوری کی جانب سے ایڈووکیٹ بابر اعوان پیش ہوئے تھے جبکہ ایڈووکیٹ محمد ریاض نے درخواست دہندہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے عدالت میں دلائل دیے۔
لشکری رئیسانی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ بلوچستان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 میں کل ایک لاکھ 14 ہزار ووٹ کاسٹ ہوئے تھے۔ ایک لاکھ میں سے صرف 50 ہزار ووٹ درست قرار دئیے گئے۔
حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی تصدیق سے متعلق نادرا کی رپورٹ بھی الیکشن ٹریبونل میں پیش کی گئی تھی۔درخواست کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ نے کی تھی۔