افغان انتخابات کے پیش نظرطورخم پربند ہونے والی پاک افغان سرحد پرتجارتی سرگرمیاں اورآمدورفت دو دن بعد بحال ہوگئیں۔
ہم نیوز کے مطابق افغانستان میں صدارتی انتخابات کے باعث سیکیورٹی حکام نے دو روز قبل سرحد کو بند کردیا تھا۔
خیال رہے کہ 28 ستمبر کو افغانستان میں صدارتی انتخاب ہوں گے جس میں اشرف غنی دوسری بار صدارت کے امیدوار ہیں۔
پانچ سال تک اشرف غنی کیساتھ اقتدار میں شراکت دار رہنے والے عبداللہ عبداللہ اورسابق جنگی سردار گلبدین حکمت یار بھی صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔
افغان صدر اشرف غنی کے بڑے حریف عبداللہ عبداللہ ہیں جو گزشتہ الیکشن ہار گئےتھے لیکن وہ شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت ملک کے چیف ایگزیکٹو تھے۔
عبداللہ عبداللہ، حامد کرزئی سے گذشتہ الیکشن ہارگئے تھے۔ حامد کرزئی ملا عمر کی طالبان انتظامیہ کے خاتمے کے بعد ملک کے پہلے صدر بنے۔ دونوں صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے تھے۔