شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو باہرنکالا۔فائل فوٹو
شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو باہرنکالا۔فائل فوٹو

میو ہسپتال کی لفٹ میں پھنس کر 12 سالہ بچہ جاں بحق

میو ہسپتال کی لفٹ میں پھنس کر 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیاہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نوٹس لے لیاہے اور تحقیقات کا حکم جاری کر دیاہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میو ہسپتال کی لفٹ میں پھنس کر جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت فہد کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 12سال بتائی جارہی ہے ۔

پولیس کا کہناہے کہ لفٹ کے درمیان خلاءمیں بچے کا سر پھنس گیا تھا اورلفٹ کا آپریٹربھی موجود نہیں تھا جس پر شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو باہرنکالا اورایمرجنسی میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ذرائع کا کہناہے کہ بچہ لفٹ میں ایک گھنٹے تک پھنسا رہا جس کے باعث اس کی حالت غیرہو گئی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے میوہسپتال میں لفٹ میں پھنسنے کے باعث 12سالہ لڑکے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیاہے ۔

وزیراعلیٰ نے سیکریٹر اسپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ بزدار کا کہناتھا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے غفلت کے ذمےداروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔