یورپی یونین (ای یو) نے آزاد کشمیر میں 24 ستمبر کو زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف پہنچانے کے لیے 3 لاکھ یورو مختص کردیے۔
یورپی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فنڈ کی رقم 5 کروڑ 14 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے جسے زلزلے سے سب زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے تقریباً 3 ہزار متاثرین کی انتہائی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خرچ کیا جائے گا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ’یہ فنڈ زلزلے سے متاثرہ آبادی کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا اور اس سلسلے میں کم آمدنی والے افراد سمیت ان لوگوں کو خصوصی توجہ دی جائے گی جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہوں گے‘۔
یورپی کمیشن کی پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ ای یو فنڈنگ یورپین سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ آپریشن (ای سی ایچ او) کے ’اسمال اسکیل ریسپانس‘ میکانزم کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔