شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ عارف یوسف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا کیس واپس لے لیا تاہم ان کی پارٹی رکنیت بحالی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے سابق مشیرعارف یوسف پر سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام ثابت نہیں ہوسکا جس پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابراعوان نے ان کے گھرجاکرعارف یوسف سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ واپس لینے کی درخواست کی۔
بابراعوان کی درخواست پرعارف یوسف نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ واپس لے لیا، وہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے وزیراعظم کے خلاف ہتک عزت کا 50 کروڑ روپے ہرجانے کا کیس واپس لے لیا۔
واضح رہے عمران خان نے عارف یوسف پر سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگاکر پارٹی سے نکال دیا تھا جس پر انہوں نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
دوسری جانب ترجمان کے پی حکومت شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ عارف یوسف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف کیس واپس لے لیا تاہم ان کی پارٹی رکنیت بحالی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، عارف یوسف نے اگر رکنیت بحالی کے حوالے سے درخواست دی تو اس پر پارٹی میں غور کیا جاسکتا ہے۔