وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کو دورے کی دعوت ان کے چینی ہم منصب لی کی کیانگ نے دی، وہ اور آرمی چیف چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ چین کے صدر آرمی چیف اور وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ دونوں وزرائے اعظم کی موجودگی میں کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ اس دورے میں کمانڈر پیپلز لبریشن آرمی سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ آرمی چیف چین کے ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین اور کمانڈر سدرن تھیٹر کمانڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان باقاعدگی سے رابطوں کی روایت کا حصہ ہے، دونوں ممالک کے سربراہان باہمی دلچسپی، دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کرتے ہیں۔
وزیراعظم علاقائی ڈیولپمنٹ، جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، 5 اگست کے بعد سے پیدا ہونے والی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی، سرمایہ کاری اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم چین کے کاروباری و کارپوریٹ سیکٹر کے سینئر نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم بیجنگ ہارٹیکلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔