وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے آئین میں تبدیلی اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے الزامات پر جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پورکے مطابق لیگل نوٹس مولانا فضل الرحمن کے مدرسے کے پتہ پر بھجوا دیا گیا، پاکستان پوسٹ کی ارجنٹ میل سروس کے ذریعے بھجوایا گیا، نوٹس بھجوانے اور وصول کروانے کی خصوصی تصاویر بھی بنائی گئی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مولانا قانونی نوٹس کا جواب دینے کی تیاری کریں، وقت پر نوٹس موصول نہ ہونے کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن نے حکومت پر آئین میں تبدیلی کا الزام لگایا، فضل الرحمن نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا بے بنیاد الزام عائد کیا، فضل الرحمن نے فاٹا انضمام کو مقبوضہ کشمیر میں مودی کے غیر آئینی اقدام سے بھی جوڑا تھا۔