مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر)صفدرنے کہا ہے کہ آزادی مارچ آئین اور پارلیمان کو بچانے کی تحریک ہے۔
مولانا فضل الرحمن کی تحریک مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھی ہے،جب آزادی مارچ کی بات ہوئی گرفتاریاں سامنے آئیں۔
کیپٹن صفدر نے سیشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فضل الرحمان کا آزادی مارچ قریب آ رہا ہے،خاندان کے افراد کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے جا رہے ہیں،سابق وزیراعظم کی بیٹی کو جیل میں ڈال دیا گیا۔
کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق وزیرداخلہ نے کہا نوازشریف ووٹ کوعزت دو کی بات نہ کرتے تو چوتھی بار وزیراعظم ہوتے، وزیرداخلہ کے منہ سے سچ نکل گیا، ان کے بیان کے بعد کمیشن بننا ضروری ہوگیا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے بارے میں نوازشریف نے ابہام ختم کردیا ہے، یہ پاکستان کی بقا اور نظام مصطفیٰ والا دھرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کے پاس 52 کارڈ آگئے ہیں اب سیپ کھیلیں یا برج۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نوازشریف کی ہدایت پر چلتے ہیں، نوازشریف نے وژن کے ساتھ کہا تھا کہ ووٹ کو عزت دو۔