پاکستان میں افغان سفارتخانے نے پشاورکی افغان مارکیٹ میں نصب افغانستان کا پرچم اتارے جانے پر احتجاجاً پشاورمیں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو افغان سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پولیس نے جمعرات کی شب دوبارہ افغان مارکیٹ پر چھاپہ مارا اور وہاں نصب کیے گئے افغان پرچم کو دوبارہ اُتاردیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق افغان سفارتی حکام اس عمل کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور یہ عمل سفارتی اُصولوں کے خلاف ہیں اس لیے احتجاجاً میں وہ پشاورمیں افغان قونصل خانہ بند کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل ہاشم نیازی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چند روز پہلے بھی مارکیٹ سے افغانستان کا پرچم اتارا گیا تھا جس پر پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر نے سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر آئندہ پرچم اتارا گیا تو وہ پشاور میں قونصل خانہ بند کر دیں گے۔
ہاشم نیازی نے کہا کہ اب دوسری مرتبہ رات گئے پرچم اتارنے اور دکانداروں کو ہراساں کرنے کے بعد قونصل خانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔