اسلام آبادہائیکورٹ نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی بریت کیخلاف نیب کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منطورکرلی اورنیب کی اضافی دستاویزات نوازشریف کی بریت کیخلاف اپیل کیساتھ منسلک کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی بریت کیخلاف نیب کی اپیل پر سماعت ہوئی ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے سماعت کی ،نیب نے ٹرائل کورٹ میں پیش دستاویزات جمع کرنے کی اجازت مانگی تھی۔
عدالت نے نیب کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منطور کرلی اور نیب کی اضافی دستاویزات نوازشریف کی بریت کیخلاف اپیل کیساتھ منسلک کرنے کا حکم دیدیا۔
دستاویزات میں نوازشریف کے ٹیکس ریکارڈ اورپراپرٹی کی تفصیلات شامل ہیں،دستاویزات میں نوازشریف ،حسن او رحسین نواز کے گوشواروں کا ریکارڈ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ یواے ای ،برطانیہ اوربی وی آئی میں ملزموں کی کمپنیز کی تفصیلات شامل ہیں ،دستاویزات میں بی وی آئی ،برطانیہ اورامارات میں ملزموں کی کمپنیوں کے سالانہ ریکارڈ کی تفصیلات شامل ہیں۔