جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اگرانصارالاسلام پرپابندی لگائی گئی تو حکومت کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ملیشیا فورس انصارالاسلام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے انصارالاسلام کو کالعدم قرار دینے کی سمری الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کو بھجوائی تھی جس میں کہا گیا کہ باوردی فورس نے خاردار تاروں سے لیس لاٹھیاں اٹھاکر پشاور میں مارچ کیا اور باوردی فورس بظاہر حکومتی رٹ چیلنج کرنا چاہتی ہے۔
حکومت کی جانب سے انصارالاسلام پر پابندی لگانے کے فیصلے پر جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں انصارالاسلام پر پابندی کا پتہ میڈیا سے چل رہا ہے اگر پابندی لگی تو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ انصار الاسلام جے یو آئی کی رضاکار تنظیم کے طورپر الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہےیہ تنظیم آج پہلی بار منظرعام پر نہیں آئی ،پہلے سے جلسے جلوسوں میں سیکیورٹی انتظامات سرانجام دے رہی ہے۔