صدرگڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت نے ممکنہ دھرنا اوراحتجاج روکنے کےلیے 5ہزار کنٹینر پکڑ لیے ہیں، ہمارے نقصان کی تمام تر ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق صدرگڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ممکنہ دھرنا اور احتجاج روکنے کےلیے 5ہزار کنٹینر پکڑ لیے ہیں،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مال بردارگاڑیاں پکڑنے کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہرگاڑی میں کروڑوں روپوں کا مال موجود ہے،کنٹینرز میں کھانے پینے کی اشیا سمیت ادویات شامل ہیں،24گھنٹوں میں پکڑے گئے کنٹینرز نہیں چھوڑے گئے تو کام مکمل بند کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کنٹینر پکڑنے سے یومیہ 7کروڑ 50لاکھ روپے کا نقصان ہورہا ہے،ہمارے نقصان کی تمام تر ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی،وزیراعظم سے اپیل ہے کہ معاملات ٹھیک کریں۔