مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو ڈپٹی کمشنر نے پیرول پر رہائی دے دی۔
خواجہ سعد رفیق نے پیرول پر رہائی کے لیے درخواست دی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔
ن لیگی رہنما نے ساس کے انتقال پر جنازے میں شرکت کے لیے درخواست جمع کرائی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پیرول پر رہائی دی جائے تاکہ نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کر سکوں۔
سعد رفیق کی ساس کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب لیہ میں ادا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی تایا کے جنازے میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا گیا تھا۔
سابق وفاقی وزیر اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو گزشتہ سال دسمبر میں پیراگون کرپشن کیس میں نیب نے گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کا الزام ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیا اور قیصر امین بٹ سے مل کر ائیر ایونیو سوسائٹی بنائی۔
نیب کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ائیر ایونیو کا نام تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا، خواجہ برادران نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔
نیب نے الزام لگایا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے ہیں، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔