نادرا نے جمعیت علماءاسلا م ف کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمداللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیتے ہوئے پاکستانی شہریت منسوخ کر دی ہے جبکہ پیمرا نے بھی انہیں ٹی وی چینلز پر بلانے پر پابندی عائد کر دی ہے تاہم اب جے یو آئی ایف رہنما نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی جائے پیدائش اور آبائی علاقہ بتا دیاہے ۔
سوشل میڈیا پر حافظ حمد اللہ کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہو رہاہے جس میں ان کا کہناتھا کہ بنیادی طور پر جب ایک شخص وزیر رہا ہو ، سینیٹر رہا ہو اور متعد د بار الیکشن لڑ چکا ہوتو اس سے پہلے ہماری ایجنسیوں اور اداروں نے شہریت کے حوالے سے تصدیق نہیں کی؟۔
حافظ حمد اللہ کا کہناتھا کہ میری جائے پیدائش چمن ہے ، چمن فی الحال ضلع قلعہ عبداللہ کا ہیڈ کواٹر ہے ، چمن کے سارے لوگ مجھے جانتے ہیں ،10اکتوبر2002 کو جب مشرف کے دور میں الیکشن ہو رہا تھا تواس وقت ایجنسیاں بہت زیادہ ایکٹو تھیں کیونکہ نائن الیون ہوا تھا اور2002 میں الیکشن ہو رہا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ میری پیدائش چمن کے میونسپل علاقے محلہ حاجی حسن میں ہوئی،آج بھی وہ محلہ اور گھر موجود ہے جس میں مَیں پیدا ہوا ، وہ عمارت آج بھی وہیں کھڑی ہے،اس کا گھر کا نمبر 1310 ہے جو کہ میرے والد کے شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور ہماری پراپرٹی پرموجود ہے جبکہ اس کi دستاویزات بھی میرے پاس ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میری پیدائش اکتوبر1968 میں ہوئی۔