آزادی مارچ اب سے کچھ دیربعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔فائل فوٹو
آزادی مارچ اب سے کچھ دیربعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔فائل فوٹو

 آزادی مارچ گوجر خان پہنچ گیا،آج شام اسلام آباد میں داخل ہوگا

جمعیت علمائےاسلام ف کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے گوجر خان پہنچ گیا۔

گوجر خان میں جے یو آئی ف اورمسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے قافلےکا استقبال کیا، جہاں مقامی نون لیگی رہنما شاہد صراف نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

قافلے میں شامل کارکنوں نے بھی وہیں پڑاؤ ڈال لیا، صبح سویرے ناشتہ کیا اوراصل منزل اسلام آباد جانے کے لیے تازہ دم ہوئے۔

آزادی مارچ اب سے کچھ دیربعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا جہاں پشاور موڑ پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جے یو آئی کا جلسہ ہو گا۔

جلسہ گاہ میں مرکزی قافلہ پہنچنے سے پہلے ہی کارکن صبح سے پہنچے ہوئے ہیں جہاں ناشتے سے ان کی تواضع کی گئی۔آزادی مارچ کا قافلہ آج شام اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں نکلنے والے آزادی مارچ کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے متصل شہر راولپنڈی میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔

اسلام آباد میں نجی اسکولز آج بند ہیں، جبکہ قائدِ اعظم یونی ورسٹی 2 دن بند رہے گی، جس کے شیڈولڈ امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

ادھرراولپنڈی ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجزاوریونیورسٹیزبھی آج بند ہیں، جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بھی غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔

دوسری جانب آزادی مارچ کے سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مارچ کے شرکا اور عوام کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شرکا اورعوام کی سہولت کے لیے مرتب کیے گئے ٹریفک پلان کے نقشے بھی جاری کیے ہیں۔