جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیزکانفرنس (اے پی سی) جاری ہے۔
آزادی مارچ کےمستقبل، آئندہ کے لائحہ عمل پر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کے لیے آل پارٹیز اجلاس میں اپوزیشن کی 9 سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہیں، اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات پر بھی مشاورت کی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب کے دورے کے باعث شریک نہیں ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے پرویز اشرف، نیر بخاری، نوید قمر، فرحت اللّٰہ بابر اے پی سی میں شریک ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اے پی سی میں شریک نہیں ہوئے،ان کی جانب سے اے پی سی میں سابق اسپیکرایاز صادق اوررکن قومی اسمبلی داکٹرعباداللہ شریک ہیں،اے این پی کے راہنما زاہد خان ، نیشل پارٹی کے طاہر بزنجو، میر کبیر، محمود خان اچکزئی اورآفتاب شیرپاؤ بھی اپوزیشن کی اے پی سی میں شریک ہیں۔
جے یوآئی کے ترجمان نے کہاہے کہ اے پی سی میں جو بھی فیصلے ہوں گے ان کا اعلان مولانا فضل الرحمٰن آج رات جلسے میں کریں گے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کے دوسرے مرحلے کی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے آج اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کی تھی۔