جمعیت علمائےاسلام کے مرکزی رہنما عبدالغفورحیدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کامیاب رہی، اس میں ہونے والے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمن جلسے میں کریں گے، احتجاج جاری ہے اور جاری رہے گا، دھرنا کہیں اور منتقل نہیں کریں گے کیونکہ یہاں تمام سہولتیں میسر ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اے پی سی کامیاب رہی؟۔
اس سوال کے جواب میں جے یو آئی ف رہنما نے کہا کہ اے پی سی مثبت رہی ہے، تمام جماعتیں یک زبان ہیں سب کا کردار مثبت تھا، کوشش ہے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرلیے جائیں، اے پی سی کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمن جلسے میں کریں گے۔
کیا دھرنا جاری رہے گا؟ اس سوال کے جواب میں مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ احتجاج جاری ہے اور جاری رہے گا، جلسہ کہیں اورمنتقل نہیں ہوگا کیونکہ یہاں تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے رہبر کمیٹی کی ملاقات ہوگی، کوشش کی جارہی ہے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرلیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا استعفیٰ اولین مطالبہ ہے ، اس سے پیچھے نہیں ہٹے، تمام صورتحال اورامورکو سامنے رکھ کر اپنے فیصلے کریں گے، ہماری تحریک ہے، اپنے اہداف ہر صورت حاصل کریں گے۔