ٹڈی دل کو دنیا کا سب سے خطرناک کیڑا تصورکیا جاتا ہے۔فائل فوٹو
ٹڈی دل کو دنیا کا سب سے خطرناک کیڑا تصورکیا جاتا ہے۔فائل فوٹو

ٹڈی دل کانیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں پر حملہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے یلغارکردی، بہادر آباد، گلشن اقبال،ناظم آباد کورنگی اورلیاری ایکسپریس وے سب سے زیادہ متاثر ہیں، شہری پریشان ہوگئے۔

ٹڈی دل نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں پر حملہ کر دیا جس کے باعث قائداعظم ٹرافی کا میچ تھوڑی دیر کیلیے روکنا پڑگیا۔

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں بھی ایک نجی اسکول میں ٹڈی دل نے یلغار کردی جہاں بچے پریشان ہو گئے۔

گزشتہ روز ٹڈی دل نے کراچی کے علاقے ملیر میں رزعی زمین پر یلغارکی تھی اورکاشتکاروں نے فصل کی تباہی کے خدشے کے پیش نظر حکومت سندھ سے فوری طورپراقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ٹیکنیکل ایڈوائزر معظم خان کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ یہ 1960 کے بعد ٹڈی دل کا کراچی میں پہلا حملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کو دنیا کا سب سے خطرناک کیڑا تصورکیا جاتا ہے،یہ فصلیں اوردرخت سب کچھ تباہ کردیتا ہے۔

آج ٹڈی دل نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی یلغارکردی جہاں قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلا جا رہا تھا، سیکڑوں کی تعداد میں ٹڈل دل کے نیشنل اسٹیڈیم میں آنے کے باعث میچ کو تھوڑی دیرکے لیے روکنا بھی پڑا۔

وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہونے کہا ہے کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل سے پریشان نہ ہوں بلکہ کڑاہی اور بریانی بناکر کھاسکتے ہیں۔

سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ٹڈی دل کراچی میں رات میں قیام کرکے بلوچستان جارہی ہے، ٹڈی دل نے کراچی کے علاقے ملیر میں کچھ دیر تک قیام کیا تھا، محکمہ زراعت کی ٹیموں نے صبح ملیر کے زرعی علاقوں کا دورہ کیا تھا تاہم ملیر کے کسی بھی علاقے میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتی لہذا کراچی کے شہری پریشان نہ ہوں، کراچی کے شہری ٹڈی دل سے کڑاہی اور بریانی بناکر کھاسکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس چل کر آئی ہے لہذا فائدہ اٹھائیں۔