نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پرحکومت میں اختلافات پیدا ہوگئے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد وفاقی وزرا نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں ،ن لیگ اپنے دود میں ایسا اسپتال نہیں بنا سکی جہاں نواز شریف کا علاج ہوسکتا ہو۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں ہیں،کابینہ کونوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی ایسی کوئی سمری کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
ان کا کہناتھا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہوگی، نواز شریف اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کیلئے دوران اقتداراسپتال نہیں بناسکے،ن لیگ اپنے دود میں ایسا اسپتال نہیں بنا سکی جہاں نواز شریف کا علاج ہوسکتا ہو،بہر حال دیکھتے ہیں پار ٹی کیا فیصلہ کرے گی۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وواڈانے نواز شریف کے بیرون ملک علاج اور مریم نواز کے ساتھ جانے پرکڑی تنقیدکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرانہوں نے مریم نواز کا نام لئے بنا طنز کیا کہ”ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی بدولت ابو(نواز)، چچا(شہباز) اور پھر میں وہاں جا رہے ہیں جہاں ہمارے اشتہاری رشتے دار اورلوٹی ہوئی دولت ہے۔چچا آتے جاتے رہیں گے۔
ہم پہلے بھی سعودیہ بھاگ گئے تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط یہ ہے کہ تیمارداری کوئی اور نہیں صرف میں مریم نواز کرسکتی ہوں“۔
فیصل وواڈانے مریم نوازاور زنجیروں میں جکڑی ایک عام قیدی خاتون کی تصویرپوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”یہ ہے 72سال سے ملک کے سسٹم کا وہ بھیانک چہرہ جس کو بدلنے عمران خان آئے ہیں۔ اس فرسودہ نظام کے خلاف پہلے لڑائی کی تھی اب جنگ کریں گے۔ “