جے یوآئی کارکن ہی دھرنے کی جگہ کی صفائی کرکے گئے۔فائل فوٹو
جے یوآئی کارکن ہی دھرنے کی جگہ کی صفائی کرکے گئے۔فائل فوٹو

مولانا کا دھرنا ہم نے ختم کروایا۔پرویز الہیٰ کا دعویٰ

اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ نے دعوی کیا ہے کہ مولانا کا دھرنا ہم نے ختم کروایا۔ دھرنے کے بعد اب وہی اپوزیشن لیڈر ہیں۔

نواز شریف کے نام کوئی پراپرٹی نہیں، سب بچوں میں تقسیم کر چکے ہیں۔ ایک طرف انسانی ہمدردی اور دوسری طرف پیسوں کی بات عجیب لگتی ہے۔ ہمارا موقف اس حوالے سے واضح ہے، کابینہ کے کچھ لوگوں نے یہ سلسلہ شروع کیا، شریف فیملی بھی کہہ رہی ہے گارنٹی کیوں دیں؟۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے  نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اور مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔ چودھری پرویز الہیٰ کا مولانا فضل الرحمن کے احتجاج اور دھرنے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا کا دھرنا ختم ہوگیا، ٹک ٹک تو لگی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ کچھ باتیں امانت ہیں اس میں خیانت نہیں ہو سکتی۔ وزیراعظم نے بھی بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور دھرنے والوں کو نہیں روکا۔ یہ واحد دھرنا تھا جس میں جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا،جے یوآئی کارکن ہی دھرنے کی جگہ کی صفائی کرکے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا موقف تھا کہ وزیراعظم استعفی دیں، ہم نے ان سے کہا تھا کہ یہ بات نہ کریں۔ ہمارے مولانا کیساتھ بڑے دیرینہ تعلقات ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کیساتھ آج کی ملاقات خفیہ میٹنگ کا ہی ایک حصہ تھی، میڈیا کو پتا نہیں کہاں سے پتا چل گیا؟۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مولانا شہروں کو بند نہیں کر رہے بلکہ بڑی شاہراہوں پر تھوڑی دیر کیلیے احتجاج کریں گے،احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد سڑکیں کھول دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شجاعت صاحب نے کہا تھا کہ ملک میں حالات خراب نہیں ہونے چاہیں، ہم نے کوشش کی تو ماحول بہتر ہوا۔ حکومت کو جھکنا بھی پڑتا ہے اور لچک بھی پیدا کرنا پڑتی ہے۔ اگر ماحول بہتر نہیں ہوگا تو پھر کون سرمایہ کاری کرے گا؟۔

انہوں نے کہاکہ شجاعت صاحب نے کہا تھا کہ ایسے حالات نہ ہو جائیں کہ کوئی وزیراعظم بننے کو تیار نہ ہو، ملک میں بہتر ماحول بنانا ہوگا۔ ہم تو اپنی کوشش کر رہے ہیں، معاملہ افہام تفہیم سے حل کر لیں گے۔