طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ایکسرے کیے گئے۔فائل فوٹو
طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ایکسرے کیے گئے۔فائل فوٹو

پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کوغیر مشروط طور پر4 ہفتوں کیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے، یہ سب والدہ اور کارکنوں کی دعاﺅں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

لاہورہائیکورٹ کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے پر وہ پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، قوم کی دعائیں رنگ لائیں اور فیصلہ نواز شریف کے حق میں آیا، عدالت عالیہ نے انسانی بنیادوں پر یہ فیصلہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا حکومتی شرط تھی کہ جب تک انڈیمنٹی بانڈ نہ دیں ،عدالت عالیہ نے اس شرط کو نامنظور کیا ہے اوراس کے بغیر نواز شریف کو فی الفور بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے، اب نواز شریف کے علاج میں پیدا کی گئی آخری حکومتی رکاوٹ بھی ختم ہوگئی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ عدالت نے زرضمانت کے بغیر جانے کی اجازت دی ہے، نوازشریف کے علاج میں جو رکاوٹیں حائل تھیں وہ اب دور ہو چکی ہیں اور حکومتی تاخیری حربے آج ختم ہوگئے ہیں، نوازشریف علاج کروا کر وطن واپس آئیں گے۔

خیال رہے کہ عدالت عالیہ لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلیے غیر مشروط بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے اور کہا ہے کہ اگر علاج کے دوران وقت بڑھانے کی ضرورت پیش آئے تو اس میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔