انتخابی سامان میں بیلٹ باکسز، بیلٹ پیپرز، انمٹ سیاہی اور اسٹیشنری شامل ہے۔فائل فوٹو
انتخابی سامان میں بیلٹ باکسز، بیلٹ پیپرز، انمٹ سیاہی اور اسٹیشنری شامل ہے۔فائل فوٹو

این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ پولنگ کا عمل جاری

بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

25جولائی 2018کے عام انتخابات میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم ان کی کامیابی کو حلقے کے آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے 29 پولنگ اسٹیشنوں پردوبارہ پولنگ کی درخواست کی تھی۔

سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 259 ڈیرہ بگٹی کوہلو سے جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے 22 ہزار787 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آزاد امیدوار میر طارق محمود کھیتران 21ہزار 213 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ڈیرہ بگٹی میں این اے 259کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کےلیے تمام انتظامات مکمل ہیں، پولنگ کاعمل آج صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجےتک جاری رہےگا۔

29 پولنگ اسٹیشنوں میں 111 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 65 مردوں اور46 خواتین ووٹرز کےلئے مخصوص ہیں، ان میں کل ووٹرزکی تعداد 47 ہزار 269 ہے جن میں 27ہزار899 مرد اور19 ہزار 370 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

حلقے میں ری پولنگ کےلئے ریجنل الیکشن کمشنرعمران احمدکو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسراورڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈیرہ بگٹی سیف الدین کوریٹرننگ افسر مقررکیا گیا ہے۔این اے 259 میں الیکشن میں حصہ لینے والوں کی تعداد 31 ہے تاہم نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد طارق محمودکھیتران اور پیپلز پارٹی کے باز محمدکھیتران شامل ہیں۔